پاکستانی قوم دوسری قوموں سے بہت منفرد قوم ہے ، یہ قوم اپنی تاریخ ، روایات اور ثقافت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہے اور پاکستان کے پکوان پاکستان کی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ کھانے دنیا بھر میں شہرت کے حامل ہیں .
پاکستان ایک بہت بڑی ریاست ہے جس کے ہر کونے میں مختلف رنگ اور نسل کے لوگ اپنی اپنی تاریخ اور ثقافت کے ساتھ بسے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کے پاکستانی پکوان ہر شہر اور علاقے کے حساب سے بٹے ہوئے ہیں ، کہیں لوگ نمکین کھانے پسند کرتے ہیں تو کہیں مرچ والے ، کہیں روکھے ، تو کہیں خوب روغن اور شوروے والے،اور کہیں سادہ تو کہیں چاٹخارے داَر . پاکستانی قوم کی مثال ایسی ہے جیسے ایک گلدان میں مختلف قسم اور رنگ کے پھول ہوں .
پاکستانی کھانوں کو اتنی شہرت اور انفرادیت پاکستان کے خاص مصالحوں کی بنا پر حاصل ہے جو پاکستانی کھانوں کو دوسرے کھانوں سے زیادہ لذیذ اور منفرد بنا دیتے ہیں . پاکستانی مصالحوں کا بھی دنیا بھر میں خوب چرچا ہے ، صباء گل پاکستانی مصالحوں پر لکھے اپنے ایک ارٹیکل میں بتاتی ہیں کہ حالیہ طبی تحقیقی رپورٹس کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ پاکستانی کھانوں میں شامل ہونے والے متعدد مصالحے یا جڑی بوٹیاں متعدد طبی فوائد کی حامل ہیں جن میں میتھی، سونف ، زیرہ اور ہلدی شامل ہیں۔
27 جنوری کو سویڈ ن کے شہراسٹاکہوم میں پاکستان انفارمیشن اینڈ کلچرل سوسائٹی کے ذیراہتمام ایک ثقافتی کھانوں کا میلہ ہو رہا ہے جہاں پاکستان کے مختلف علاقوں اور شہروں کے کھانوں سے مقامی لوگ لطف اندوز ہونگے اور ساتھ ساتھ پاکستان کے منفرد فن ” ٹرک آرٹ ” کی بھی نمائش کی جائے گی.