17

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں ایک اور کشمیری شہید

بھارتی فوج نے کشمیری نوجوان کو ضلع کپواڑہ میں نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

بھارتی فوج نے کشمیری نوجوان کو ضلع کپواڑہ میں نشانہ بنایا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: ضلع کپواڑہ میں قابض بھارتی فوج نے ملٹری آپریشن کے دوران  ایک کشمیری نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا۔

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق وادی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے صفاوالی گلی میں بھارتی فوج کے دستے 57 ور 41 راشٹریہ رائفلز نے رات گئے ملٹری آپریشن شروع کیا تھا اس دوران بھارتی فوج کی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے والے نوجوان کو گولی مار کر شہید کردیا گیا۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے دعوی کیا ہے کہ ضلع کپواڑہ میں ملٹری آپریشن کے دوران دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دریں اثناء بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں میں گھر گھر آپریشن کے دوران تین کشمیری شہداء صدام پڈار، ناصر احمد اور عرفان الحق کے بھائیوں کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ شہداء کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بیٹوں کو شہید کرنے کے بعد اب گھر کے دیگر مردوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ یہ کشمیریوں کی نسل کشی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ اور ضلع شوپیاں میں گھر گھر تلاشی کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر اضلاع کے مخصوص علاقوں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے تلاشی کے عمل سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوجاتے ہیں اور بیماروں کو اسپتال لے جانے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی ہے جس پر احتجاج کرنے والوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.