41

ایشین گیمز ہاکی میں پاکستان تھائی لینڈ کیخلاف مہم کا آغاز کریگا

20 اگست سے جکارتہ میں شروع ہونے والے ایونٹ میں پہلی بار ویڈیو ریفرل سسٹم متعارف ہو گا،فائنل یکم ستمبر کو شیڈول
فوٹو: فائل

20 اگست سے جکارتہ میں شروع ہونے والے ایونٹ میں پہلی بار ویڈیو ریفرل سسٹم متعارف ہو گا،فائنل یکم ستمبر کو شیڈول
فوٹو: فائل

 لاہور:  ایشین گیمز کے ہاکی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، انڈونیشیا کے شہرجکارتہ میں منعقدہ ایونٹ میں پاکستان ٹیم 20 اگست کو تھائی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی، 22 اگست کو اومان، 24 اگست کو انڈونیشیا، 26 اگست کو ملائیشیا جبکہ 28 اگست کو آخری میچ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ فائنل سمیت پوزیشن میچز یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے، ایونٹ میں پہلی بار ویڈیو ریفرل سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس انڈونیشیا میں شیڈول ایشین گیمز کے ہاکی شیڈول کا اعلان کر دیا گیا، ایشیائی ہاکی مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بار 14 ملکوں کی 21 مردوں اور خواتین کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔ 14روزہ ایونٹ مجموعی طور پر 60میچز کھیلے جائیں گے۔ ایشین گیمز کی فاتح خواتین اور مردوں کی ٹیمیں ٹوکیو اولمپکس 2020 تک براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہیںگی۔

ایونٹ کے تمام میچز انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے گلورا بنگ کارنو اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔ مردوں کی گیارہ ٹیموں کو 2گروپس میں رکھا گیا ہے، پول اے میں کوریا، جاپان، سری لنکا اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ پول بی میں ملائیشیا، پاکستان، بنگلہ دیش، اومان ، تھائی لینڈ اورانڈونیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ خواتین کے مقابلوں میں 10ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ پول اے میں چین، جاپان، ملائیشیا، ہانگ کانگ اور چائنیز تائپے جبکہ پول بی میں بھارت، کوریا، تھائی لینڈ، قازقستان اور انڈونیشیا شامل ہیں۔ ہاکی کے مقابلے 19 اگست سے شروع ہو کر یکم ستمبر تک جاری رہیں گے۔ ان مقابلوں کے دوران تاریخ میں پہلی بار ویڈیو ریفرل سسٹم بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

مردوں کے ایونٹ کا آغاز 20 اگست سے ہوگا، افتتاحی روز 5 میچز کھیلے جائیں گے، پہلا میچ کوریا اور ہانگ کانگ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، اسی روز جاپان اور سری لنکا کی ٹیمیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہوں گی، بنگلہ دیش کا مقابلہ اومان کے ساتھ رکھا گیا ہے، پاکستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی جبکہ ملائیشیا کا میچ انڈونیشیا کے ساتھ ہوگا۔ 21 اگست کو آرام کا دن ہو گا۔ 22 اگست کو ایک بار پھر پانچ میچز کا فیصلہ ہو گا، ملائیشیا کی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف نبرد آزما ہوگی، پاکستانی ٹیم اومان کے خلاف میدان میں اترے گی، کوریا کا مقابلہ سری لنکا کے ساتھ ہوگا، بھارتی ٹیم ہانگ کانگ کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ دن کا آخری میچ انڈونیشیا اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 23 اگست کو کوئی میچ نہیں ہوگا جبکہ 24 اگست کو پہلا میچ اومان اور تھائی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان ہوگا، بنگلہ دیش کی ٹیم ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔

اسی روز جاپان کا مقابلہ بھارت کے ساتھ ہوگا، پاکستان ٹیم انڈونیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ سری لنکا کا مقابلہ ہانگ کانگ کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ 25 اگست کو ایک بار پھر کوئی میچ نہیں ہوگا جبکہ 26 اگست کو ہانگ کانگ کا میچ جاپان کے ساتھ ہوگا، تھائی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میچ کھیلے گی، کوریا کا مقابلہ بھارت کے خلاف شیڈول ہے، پاکستانی ٹیم ملائیشیا کے خلاف نبرد آزما ہوگی جبکہ دن کے آخری میچ میں اومان کا مقابلہ انڈونیشیا کے ساتھ ہو گا۔ ایک دن کے وقفے کے بعد مزید 5میچز شیڈول ہیں۔ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف میدان میں اترے گی، بھارت کا میچ سری لنکا کے ساتھ ہوگا، ملائیشیا کی ٹیم اومان کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، جاپان کا میچ کوریا کے ساتھ ہوگا جبکہ تھائی لینڈ کی ٹیم انڈونیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ایشین گیمز کے فائنل سمیت پوزیشن میچز یکم ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.