38

ایشین گیمز؛ قومی ہاکی تربیتی کیمپ آج شروع ہوگا

پلیئرز نے رپورٹ کردی،اولٹمنز بھی کراچی پہنچ گئے۔فوٹو: فائل

پلیئرز نے رپورٹ کردی،اولٹمنز بھی کراچی پہنچ گئے۔فوٹو: فائل

کراچی: ایشین گیمزکی تیاریوں کے سلسلے میں قومی ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز اتوار سے ہورہا ہے جب کہ طلب کیے جانے والے ممکنہ 27 کھلاڑیوں کی تربیت کیلیے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمنز بھی کراچی پہنچ گئے۔

آئندہ ماہ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں شیڈول ایشین گیمزکی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ہاکی ٹیم کا ایک ماہ طویل تربیتی کیمپ اتوار سے ڈاکٹر محمد علی شاہ، اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم نارتھ ناظم آباد پر شروع ہورہا ہے، پی ایچ ایف کے تحت قبل ازیں کیمپ ہاکی کلب آف پاکستان کے نام سے جانے والے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم پر منعقد کرائے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مالی مشکلات کا شکار قومی فیڈریشن نے مذکورہ اسٹیڈیم میں کھلاڑیوں کی رہائش کی بہتر سہولیات نہ ہونے کے سبب کیمپ کی منتقلی کا فیصلہ کیا، ڈاکٹر محمد علی شاہ، اصلاح الدین ہاکی اسٹیڈیم پر سندھ حکومت کے محکمہ کھیل کی جانب سے جدید ترین سہولیات پر مشتمل رہائشی ہوسٹل تعمیر کیا گیا ہے، قومی تربیتی کیمپ کا باقاعدہ آغاز اتوارکی صبح وارم اپ سیشن سے ہوگا۔

بعدازاں کیمپ میں کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد کے تجزیہ کے لیے ان کے یویو ٹیسٹ لیے جائیں گے،کیمپ میں طلب کیے جانے والے تمام کھلاڑیوں نے ہفتے کی شام منیجر اورکیمپ کمانڈنٹ وسابق قومی کپتان اولمپئن حسن سردار کو رپورٹ کردی، جن کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا گیا تھا ان میں عمران بٹ، مظہر عباس اورامجد علی کے علاوہ محمد عرفان سینئر، راشد محمود، محمد علیم بلال،عماد شکیل بٹ، مبشر علی ، تصور عباس ، محمد رضوان سینئر، محمد توثیق ارشد، علی شان، محمد عمر بھٹہ،ابو بکر محمود،شفقت رسول،محمد اظفر یعقوب،محمد ارسلان قادر،اعجاز احمد،محمد عرفان جونیئر،رانا سہیل ریاض،محمد رضوان جونئیر، محمد دلبر، محمد عتیق، محمد فیصل قادر، محمد عاطف مشتاق، جنید منظور اور اسد عزیزشامل ہیں،

دوسری جانب ہیڈ کوچ رولینٹ اولٹمنز بھی ہفتہ کی صبح کراچی پہنچ گئے، کیمپ میں اولمپئن محمد ثقلین ہیڈ کوچ کی معاونت کریں گے جبکہ سابق قومی کپتان اولمپئن ریحان بٹ گول کیپنگ کوچ ہوں گے، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل ٹیری کیمپ میں ٹرینر کی ذمہ داری ادا کریں گے جبکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تجزیہ کرنے کے لیے ندیم خان لودھی ویڈیو انالسٹ کی ذمہ داری نبھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.