19

الیکشن سے قبل متعدد پاکستانی سیاست دانوں کی اجمیر شریف حاضری

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت متعدد امیدواروں نے درگاہ خواجہ غریب نواز پر حاضری دی۔ فوٹو : فائل

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت متعدد امیدواروں نے درگاہ خواجہ غریب نواز پر حاضری دی۔ فوٹو : فائل

اجمیر: پاکستان میں الیکشن 2018 میں حصہ لینے والے مختلف جماعتوں کے امیدوار اپنی کامیابی کے لیے دعا کرنے بھارت میں واقع خواجہ غریب نواز کی درگاہ پہنچ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق وزیراعظم پاکستان اور حالیہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ پرویز اشرف سمیت مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھارت کے شہر اجمیر شریف میں واقع معروف صوفی بزرگ حضرت خواجہ غریب نواز کی درگاہ پہنچے، چادر چڑھائی اور انتخابات میں کامیابی کے لیے دعا کی۔

درگاہ خواجہ غریب نواز کے خادم سید بلال چشتی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید عمران شاہ ولی اور دیگر جماعتوں کے امیدوار درگاہ پر حاضری لگوا چکے ہیں جب کہ روزانہ کی بنیاد پر درجنوں امیدواروں کی موبائل کالز بھی موصول ہورہی ہیں جس میں انتخاب میں کامیابی کے لیے دعا کرنے اور چڑھاوے چڑھانے کی استدعا کی جاتی ہے۔

پاکستان میں سیاست دانوں کا اپنی انتخابی مہم کا آغاز صوفی بزرگوں کی درگاہوں پر حاضری کے ساتھ کرنے کا رواج عام ہے جب کہ وزیراعظم اور صدر کے کلیدی اور اہم عہدوں کے لیے امیدواروں کو کسی صوفی بزرگ کا معتقد ہوتے بھی دیکھا گیا ہے۔ حال ہی میں پاکستان میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اپنی اہلیہ بشری بی بی کے ہمراہ پنجاب میں واقع صوفی بزرگ کی درگاہ پر حاضری دی تھی جب کہ ماضی میں بے نظیر بھٹو، آصف زرداری اور نواز شریف کو بھی صوفی بزرگوں سے دعا کراتے دیکھا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.